اسپیکر کے روبرو سماعت شروع ، باغی اراکین کو بے دخل کرنے جے ڈی ایس کا استدلال
بنگلورو23؍جولائی(ایس او نیوز) ریاستی جنتادل (ایس) کے آٹھ معطل شدہ باغی اراکین کو نااہل قرار دئے جانے کی گذارش کرتے ہوئے اسمبلی اسپیکر کے پاس جو عرضی پارٹی کی طرف سے دائر کی گئی ہے آج اسپیکر کے بی کولیواڈ نے اس عرضی کی سماعت شروع کی۔ جنتادل (ایس) کی طلرف سے رکن اسمبلی بی بی ننگیا نے اپنی پارٹی کا موقف پیش کیا۔ ریاستی اسمبلی سے حالیہ راجیہ سبھا اور کونسل انتخابات کے مرحلے میں آٹھ اراکین نے کراس ووٹنگ کی جس کے سبب جنتادل (ایس) نے انہیں پارٹی سے معطل کردیا ہے۔اس سلسلے میں ان تمام اراکین کو نااہل قرار دینے جنتا دل (ایس ) کی طرف سے عرضی دائر کی گئی تھی۔آج اس کی سماعت کیلئے ننگیا اپنے وکیلوں کے ساتھ حاضر ہوئے اور اپنی پارٹی کا موقف پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ آئین کے دسویں شیڈیول کے مطابق ان تمام اراکین کی رکنیت باطل قرار دی جانی چاہئے۔ چونکہ یہ لوگ پارٹی مخالف سرگرمیوں کے مرتکب ہیں اسی لئے ضوابط کے مطابق انہیں اسمبلی کی رکنیت پر برقرار رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ان تمام کا انتخاب جنتادل (ایس) کے انتخابی نشان پر ہوا ہے۔ لیکن پارٹی مخالف سرگرمیاں چلاکر راجیہ سبھا اور کونسل انتخابات میں پارٹی کی طرف سے کھڑے کئے گئے امیدوار کی بجائے کسی اور کے حق میں اپنے ووٹ استعمال کئے، اسی لئے ان آٹھوں کی اسمبلی رکنیت ختم کی جائے۔ ننگیا نے کہاکہ ان تمام اراکین اسمبلی نے ایک غیر سرکاری نمائندہ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ کے ساتھ میٹنگ کی اور مخالف پارٹی کی حمایت کا کھلے عام بیان میڈیا کو دیا۔ ان لوگوں نے واضح کیا کہ انہوں نے اپنا ووٹ کانگریس امیدوار کو دیا ہے۔ پورے میڈیا میں ان کا یہ بیان چھایا رہا۔ ان آٹھوں کو اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دینے کیلئے یہ ایک ہی بیان کافی ہے۔انہوں نے میڈیا میں دکھائے گئے بیانات کی سی ڈی بی اسپیکر کو پیش کی۔ ساتھ ہی انہوں نے گوا کی روی نائک حکومت کے سلسلے میں سپریم کورٹ کی طرف سے سنائے گئے فیصلہ کا حوالہ دے کر جے ڈی ایس کے وکیلوں نے حوالہ دیا۔ اور مانگ کی کہ تمام آٹھ معطل اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دیا جائے۔ اسپیکر نے تمام دلائل کو سننے کے بعد معاملے کی اگلی سماعت 23 اگست تک ملتوی کردی۔ سماعت کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ننگیا نے واضح کیا کہ جے ڈی ایس کے باغی اراکین بشمول ضمیر احمد خان، اقبال انصاری ، چلوورایا سوامی ، ایچ سی بالکرشنا ، اکھنڈا سرینواس مورتی وغیرہ کو نااہل قرار دینے کیلئے اسپیکر کے سامنے پارٹی نے تمام دلائل پیش کئے ہیں۔اسپیکر نے ان دلائل کا جائزہ لینے کیلئے اگلی سماعت 23 اگست کو طے کی ہے۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کی طرف سے اپیل کی گئی ہے کہ خاطی اراکین اسمبلی کو نوٹس جاری کیا جائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ خود وزیراعلیٰ سدرامیا جنتادل (ایس) کے ان آٹھ باغی اراکین سے مسلسل ربط میں رہے۔ ضرورت پڑی تو اس کیس میں وزیر اعلیٰ سدرامیا کے خلاف بھی شکایت کی جائے گی۔اسپیکر کولیواڈ نے کہاکہ عرضی گذاروں نے اپنا موقف پیش کیا ہے اور اپنی پارٹی کے باغی اراکین کو نوٹس جاری کرنے کی گذارش کی ہے۔ اس کا جائزہ لینے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔